63

لاہور: ڈولفن اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے راہگیرخاتون جاں بحق

لاہور میں فیروز پور روڈ پر ڈولفن اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے راہ گیر خاتون جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کےمطابق 2 موٹرسائیکل سوار افراد کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خاتون کو گولی لگی۔

واقعے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہو گئے، جنہوں نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈولفن اہلکاروں نے نشترکالونی کے علاقے میں دوران گشت فائرنگ کی جسکےنتیجے میں 40 سالہ خاتون نسرین وارث سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، جو تین گھنٹے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

واقعے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے جنہوں نے فائرنگ کرنے والے ڈولفن اہلکاروں حبیب، حسیب، نسیم اور قدیر کو پکڑ لیا اور سڑک بلاک کر دی، مشتعل افراد نے پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

ڈی ایس پی کاہنہ احسان اللہ کا کہنا ہے کہ چاروں ڈولفن اہلکار حراست میں ہیں، واقعے کی تحقیقات شفاف طریقے سے کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلے میں عینی شاہدین سے بھی مدد حاصل کی جائے گی، موٹرسائیکل سوار نوجوان اسد علی اور غلام رسول کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، دونوں ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ ہیں۔

واقعے کے بعد سرکاری ہینڈ آؤٹ کا سلسلہ جاری ہوگیا، جن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے آئی جی سے، آئی جی نے سی سی پی او سے، سی سی پی او نے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے اور ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ڈی ایس پی کاہنہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں